ڈیرہ مراد جمالی ۔ 17 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالحمید ابڑو، خزانہ آفس سے امجد بہرانی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت دیگر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن میل و فیمیل افسران موجود تھے ۔اجلاس کے موقع پر تمام متعلقہ ڈی ڈی ای اوز نے اسکولوں میں تعلیمی امور درپیش مسائل اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کاروائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی ۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے کہا ہے کہ اجلاس میں جن غیر حاضر اساتذہ کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے
ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے، عادی غیر حاضر اساتذہ کی دو ماہ کی تنخواہیں بند کر کے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ان کی وجہ سے اسکولوں میں تعلیمی عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے جسے ضلع انتظامیہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام اساتذہ کو اس چیز کا پابند کیا جائے کہ وہ بچوں کی بہتر معنوں میں تربیت کرنے کے لیے اقدامات کریں اور انہیں دینی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈی ڈی ای اوز اسکولوں کے سرپرائز وزٹ کے عمل کو بھی جاری رکھیں اور جن اسکولوں میں مسائل درپیش آئیں ان کے تدارک کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بہتری لانا اساتذہ اور ایجوکیشن آفیسران کی ذمہ داریوں کا حصہ ہے جن پر لازم ہے کہ وہ تمام سکولوں کے سرپرائز وزٹ کریں تدریسی عمل کا جائزہ لیں اور بچوں اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583547