
کراچی۔ 09 مارچ (اے پی پی)کیمرون ڈیلپورٹ کی ناقابل شکست سنچری اور فہیم اشرف کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لاہور قلندرز کو ہرا کر پانچویں فتح کے ساتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے پلے آف میں پہنچ گئی، اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز کا ریکارڈ مجموعہ ترتیب دیا، ڈیلپورٹ 117 اور آصف علی 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جواب میں قلندرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا سکی، سہیل اختر کی 34 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی عمدہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، فہیم اشرف نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ہفتہ کو کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل فور کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 238 رنز بنا کر پی ایس ایل میں بڑے مجموعے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، شاہین شاہ نے اننگز کے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر لیوک رونکی کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی لیکن اس کے بعد ڈیلپورٹ، والٹن اور آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کا بھرکس نکال دیا، ڈیلپورٹ نے 60 گیندوں پر 6 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 117 جبکہ آصف نے 21 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلیں اور ناٹ آﺅٹ رہے، والٹن 48 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، شاہین شاہ، لیمی چن اور ڈیوڈ ویسی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 189رنز تک محدود رہی، سہیل اختر کے سوا قلندرز کا کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ اور متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، سہیل اختر نے ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش کی لیکن ان کے 75 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکے، فخر زمان 38، اینٹن ڈیوچ 18، رکی ویسلز 20، ڈیوڈ ویسی 12، آغا سلمان 3، شاہین شاہ 1، حارث راﺅف 7 اور حارث سہیل بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، سندیپ لیمی چن 6 اور راحت علی 1 رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔