اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):اقتصادی امورکے وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ آبی وسائل کاشعبہ ملکی معیشت اورتوانائی کیلئے اہمیت کاحامل ہے ، ڈیموں کی تعمیرموجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں آبی وسائل کے شعبہ میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک ، ایشئین انفراسٹرکچرڈولپمنٹ بینک اور بیرونی امداد سے جاری منصوبوںکاجائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں بیرونی امداد سے جاری آبی وسائل کے 15 منصوبوں کاجائزہ لیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آبی وسائل کاشعبہ ملکی معیشت و توانائی کیلئے اہمیت کا حامل ہے، موجودہ حکومت نے برسرِ اقتدار آتے ہی ڈیموں کی تعمیر پر کام شروع کیا کیونکہ ڈیموں کی تعمیر سے سستی بجلی پیدا ہو گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ،انہوں نے آبی وسائل کی ترقی کیلئے منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں وزارت آبی وسائل، وزارت منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات، واپڈا، پی ایم آفس، وزارت خزانہ اورصوبائی محکمہ ہائے منصوبہ بندی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فی الوقت بیرونی امدادسے 3.229 ارب ڈالر مالیت کے پندرہ منصوبوں پرکام جاری ہے۔ وفاقی وزیرنے بالخصوص داسوہائیڈروپاور اورتربیلہ پانچ توسیعی منصوبہ کو جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ ملکی معیشت کو فائدہ پہنچ سکے۔