ڈینگی سے بچاؤ کیلئے کوڑے کے ڈھیروں کا صفایا کرنے کیلئے آپریشن کلین اپ

107

فیصل آباد۔ 24 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن(ر)ندیم ناصرنے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے باعث انسداد ڈینگی مہم کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے ٹائر شاپس کے مالکان کےخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں اور دکانوں وگوداموں میں پڑے کھلے ٹائروں کو ضبط کر کے انہیں گہرے گڑھے میں دفن کردیا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کے لاروا کی پیدائش وافزائش کے اس سبب کا مکمل خاتمہ ہوسکے۔

فیصل آبادانتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کے حوالے سے یونین کونسلز کے کلسٹر انچارجز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ سینٹری سٹاف کی یونین کونسل کی سطح پر حاضری لگائیں اور صفائی کے حوالے سے ان کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ خالی پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیروں کا صفایا کرنے کیلئے شروع کلین اپ آپریشن کی کامیاب تکمیل ہوسکے۔

انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے کلسٹر انچارجز کی کارکردگی اور اس ضمن میں مثبت عوامی رد عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں محکمہ زراعت،صحت،تعلیم اور لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کو بھی متحرک رکھتے ہوئے ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے گھر گھر آگہی پیغام پہنچایا جائے جبکہ یونین کونسلز کے دفاتر،رورل ہیلتھ سنٹرز اور نچلی سطح پر دیگر سرکاری اداروں کی عمارتوں پر انسداد ڈینگی کے پیغام کے حوالے سے تیار کئے گئے پر کشش فلیکس فوری آویزاں کئے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی مچھر سے بچاؤ اور اس کی افزائش کے ذرائع کے حوالے سے ہر گھر میں سے معلومات حاصل کرنے کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کیاجارہاہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکولوں کالجوں سمیت مختلف سرکاری محکموں کی عمارتوں میں نصب شدہ واٹر پمپ کو آٹو میٹک سوئچ لگوائے جائیں تاکہ اوور فلو کے باعث چھتوں وغیرہ پر پانی کھڑا ہونے کے خدشات کا بھی ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو اینٹی ڈینگی ایکشن پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایت کی۔