ڈینگی مرض سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، عرفان نواز میمن

78

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہاہے کہ ڈینگی مرض سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے،شہریوں کی جان کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام ہماری ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا۔

انسداد ڈینگی مہم کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، اسسٹنٹ کمشنرز و مجسٹریٹس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز موجود تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے کہا کہ ڈینگی وائرس خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اس لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور کوڑا کرکٹ اٹھانے اور ورک شاپس ، ٹائر شاپس سمیت کسی بھی جگہ پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے ، اس کے ساتھ ساتھ لوگوں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں مہلک وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے ہرممکن وسائل کا استعمال کیا جائے گا، دیہی علاقہ اسلام آباد ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور شہریوں کی جان کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام ہماری ترجیح ہے۔