ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

125
صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

راولپنڈی۔7ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں، شہری ڈینگی کے تدارک کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر زنیرہ آفتاب، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف، فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈاکٹر احسان، ڈی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ سیزن کے دوران زائد بارشوں کے باعث ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال کی نسبت رواں برس میں اب تک 50 فیصد کم ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے،

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کب تک لوگوں کے گھروں کو صاف کرتی رہے گی، ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے معاملے پر عوام حکومت کے ساتھ دیں تو ڈینگی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکتا ہے،

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ رات کو ہونے والی بارش ڈینگی کے حوالے سے بہت اہم ہے ، سرویلنس ٹیمیں ہر اس پہلو پر کڑی نظر رکھیں جو کہ ڈینگی پھیلنے موجب بن سکتے ہیں، ٹائر شاپس، کباڑ خانوں، اوپن پلاٹس، قبرستان پر فوکس کیا جائے،

انہوں نے کہا کہ ہائی رسک یونین کونسلوں کی سرویلنس کر کے کلین سویپ کی جائے اور ایریاز وائز فوگنگ کی جائے، اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں سے 7 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے تمام کیسز کو بروقت رسپانس کر کے آئی آر ایس سپرے اور فوکنگ کر دی گئی ہے۔