ڈینگی کیسز میں ممکنہ اضافہ کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،کمشنرفیصل آبادسلوت سعید

100
Salut Saeed
Salut Saeed

فیصل آباد۔ 23 ستمبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آبادسلوت سعید نے کہا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے کے حوالے سے اگلے15روزانتہائی اہم ہیں لہٰذاڈینگی کیسز میں ممکنہ اضافہ کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں کیونکہ اس ضمن میں کسی قسم کی سستی، غفلت یاکوتاہی کوبرداشت نہیں کیاجائے گانیز انسداد ڈینگی کے حوالے سے سرویلنس، مانیٹرنگ اور رپورٹنگ میں پائی جانیوالی خامیوں کوبھی فوری دور کیا جائے بصورت دیگرانسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت برتنے اورانتظامیہ سے تعاون نہ کرنے والے محکموں کے افسران کو سرنڈر کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جا ئے گا۔

کمشنرفیصل آباد سلوت سعید نے انسداد ڈینگی کے ضمن میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرکے انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیاجس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر،سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار،ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمت عباس اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ محکموں کے سربراہان اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور انسداد ڈینگی اقدامات واضح نظر آنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے الائیڈ محکموں کو مکمل تعاون فراہم کرنا ہوگاکیونکہ غفلت کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ وتحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیز کے اجلاسز باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی اور ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے محکموں کے سربراہان خود فیلڈ میں متحرک رہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی سب کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے اسلئے آگاہی بڑھانے کیلئے سکولوں اور کالجوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کئے جائیں۔