سرگودھا۔4ستمبر (اے پی پی):ڈینگی کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔محکمہ صحت سمیت تمام محکمے ڈینگی سرویلنس احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ ڈینگی سرویلنس میں کوتاہی برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائے جائے گی، کمرشل مقامات سے ڈینگی لاروا ملنے پر مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہارایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)سرگودہاعمر فاروق نے انسداد ِڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسلم اسد، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سرگودہا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر و دیگر افسران بھی موجود تھے۔
عمر فاروق نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی سرویلنس ٹیمیں ڈینگی سرویلنس کررہی ہیں، شہری ڈینگی سرویلنس کے لئے آئی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، سرکاری ہسپتال اور جنرل پریکٹیشنر ڈینگی کے مشتبہ مریض رپورٹ کریں، تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے الگ وارڈز مخصوص کریں اور وارڈز بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمرشل مقامات، پلازوں، شادی ہالز، سرکاری دفاتر سمیت قبرستانوں کی سخت سرویلنس کی جائے، ڈینگی ہاٹ سپاٹ کی مسلسل نگرانی کی جائے۔اے ڈی سی جی نے شہریوں سے اپیل کی کہ ڈینگی ایک مہلک وائرس ہے، اس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے،ڈینگی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=386599