راولپنڈی۔28اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاکہ ڈینگی کے تدارک کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں، ڈینگی کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے شہری صحت ٹیموں کے ساتھ تعاون فراہم کریں، ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسلوں پر فوکس کرکے کلین سویپ کیا جائے، گذشتہ سال میں ماہ اگست تک راولپنڈی میں 161 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ موجود سال کے دوران یکم جنوری سے اب تک کل 60 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 56 مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں ،اس وقت ہسپتالوں میں کل 4 ڈینگی کے مریض موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی ہیڈ کوارٹر زنیرہ آفتاب، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف، فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈاکٹر احسان، ڈی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاکہ ڈینگی کے سلسلے میں حکومت پنجاب زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے کسی بھی افسر یا اہلکار کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ مائیکرو پلان کے مطابق سرولینس کی جائے ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی جانچنے کے لئے متعلقہ محکمے کام کررہے ہیں۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران ڈینگی ایس پی پیز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا گیا۔
ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 73 لاکھ 31 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا،1625 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج،485 بلڈنگز سیل،1612 کے چالان کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہاکہ ہمارا مقصد شہریوں کو ڈینگی سے بچانا ہے لوگوں کے تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں۔