فلوریڈا۔31مارچ (اے پی پی):روسی ٹینس سٹار اور فورتھ سیڈڈ ڈینیل مدویدوف اور کیرن خچانوف اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئےمیامی اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئےجبکہ ارجنٹائن کے ٹینس کھلاڑی فرانسسکو سیرونڈولو اور میزبان کرسٹوفر یوبینکس کوارٹر فائنل رائونڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم، فلوریڈا میں جاری ہے۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں27 سالہ روسی ٹینس سٹار اور فورتھ سیڈڈ ڈینیل مدویدوف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف امریکی کھلاڑی کرسٹوفر یوبینکس کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 5-7 سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں روس کے ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کے حریف ٹینس کھلاڑی فرانسسکو سیرونڈولو کو سیدھے سیٹس میں 3-6 اور2-6 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔دونوں سیمی فائنلسٹ کھلاڑی روسی ٹینس سٹار اور فورتھ سیڈڈ ڈینیل مدویدوف اور کیرن خچانوف ٹاپ فور میں نبرد آزمائی کریں گے۔