پشاور۔ 30 ستمبر (اے پی پی):’’ڈیوفیسٹ پشاور 2024 ‘‘میلےکے انعقاد کا اعلان کردیا گیا ۔گوگل ڈیویلپرز گروپ (جی ڈی جی) پشاور کے زیر اہتمام ڈیوفیسٹ 7 دسمبر 2024 کو انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز (آئی ایم سائنسز) یونیورسٹی پشاور میں منعقد ہوگا۔ یہ سالانہ ایونٹ ٹیکنالوجی سے منسلک افراد، ڈیویلپرز، اور انڈسٹری کے ماہرین کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا،
جہاں شرکاء کو دلچسپ سیشنز، عملی ورکشاپس، اور نیٹ ورکنگ کے مواقع میسر ہوں گے۔ڈیوفیسٹ پشاور 2024 میں گوگل اور معروف ٹیک کمپنیوں کے ماہرین شرکت کریں گے، جو انڈسٹری کے جدید رجحانات اور گوگل کی نئی ٹیکنالوجیز پر بات کریں گے۔ شرکاء کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مشین لرننگ، مصنوعی ذہانت، اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں جاننے اور سیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس ایونٹ میں مختلف انٹرایکٹیو ورکشاپس بھی شامل ہوں گی، جن کی قیادت انڈسٹری کے ماہرین کریں گے۔
ان ورکشاپس کا مقصد شرکاء کو عملی مہارتوں اور بصیرت سے آراستہ کرنا ہے، تاکہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنے آپ کو بااعتماد محسوس کریں۔ جی ڈی جی پشاور کے ایک منتظم کا کہنا تھا کہ ڈیوفیسٹ پشاور 2024 کے لیے ہمارے پاس کمیونٹی کے شاندار ایونٹس، سیشنز، اور کئی سرپرائزز موجود ہیں۔
ہمارا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جہاں ڈیویلپرز، طلباء، اور ٹیکنالوجی کے شوقین افراد اکٹھے ہو سکیں، سیکھ سکیں، اور ٹیکنالوجی کے ذریعے حقیقی دنیا کے مسائل کے حل کے نئے طریقے دریافت کر سکیں۔
یاد رہے کہ ڈیوفیسٹ ایک سالانہ کمیونٹی ایونٹ ہے، جو دنیا بھر کے شہروں میں گوگل ڈیویلپرز گروپس کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد سیکھنے اور تعاون کا ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ شرکاء نئے خیالات کو دریافت کر سکیں، ہم خیال افراد سے رابطہ قائم کر سکیں، اور گوگل کی جدید ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔