ڈیوڈ وارنر مینز بگ بیش لیگ کے 14 ویں ایڈیشن میں سڈنی تھنڈر کو لیڈ کریں گے

131
ڈیوڈ وارنر مینز بگ بیش لیگ کے 14 ویں ایڈیشن میں سڈنی تھنڈر کو لیڈ کریں گے

کینبرا۔6نومبر (اے پی پی):مینز بگ بیش لیگ کے 14 ویں ایڈیشن میں فرنچائز سڈنی تھنڈر کی قیادت مایہ ناز آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کریں گے۔ایم بی بی ایل کی فرنچائز سڈنی تھنڈر نے ٹیم کی قیادت کے لئےڈیوڈ وارنر کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔38 سالہ تجربہ کار بائیں ہاتھ کے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کرس گرین کی جگہ سڈنی تھنڈر کی قیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ڈیوڈ وارنر کو سڈنی تھنڈر کا کپتان بنانے کے لئے تین رکنی آزاد پینل نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا جس کے بعد ڈیوڈ وارنر کو باضابطہ کپتان بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ رواں سیزن میں دوبارہ سڈنی تھنڈر کی کپتانی کرنا میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں شروع سے ہی سڈنی تھنڈرٹیم کا حصہ تھا، اور اب اپنے نام کے ساتھ والے ’’سی ‘‘ کے ساتھ واپس آنا بہت اچھا لگ رہا ہے ۔ ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں سڈنی تھنڈر کی قیادت کرنے کا منتظر ہوں اور آنے والے نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ اپنے تجربے کا اشتراک کرناچاہتا ہوں ۔

انہوں نے کرس گرین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں مجھے سے پہلے وہ بہت اچھے انداز میں ٹیم کو لے کر چلے ہیں ۔میں نے ان سے بھی بہترین قائدانہ بصیرت حاصل کی۔ سڈنی تھنڈر کی ٹیم مینز بگ بیش لیگ کے آئندہ سیزن میں اپنی مہم کا آغاز ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف 17 دسمبر کو کرے گی۔