میلبورن۔26دسمبر (اے پی پی): جارح مزاج آسٹریلوی اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنرنے ٹیسٹ میچوں کی سنچری مکمل کرلی، 36 سالہ بلے باز نے جنوبی افریقہ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں شرکت کر کے کیریئر کا 100واں میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کی۔ وارنر نے 2011میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔
پیر کو پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ میں شرکت سے قبل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف مجھے کئی اچھی اننگز یادہیں جن میں 2014 دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ورلڈکلاس بائولنگ اٹیک کے خلاف تین سنچریاں بھی شامل ہیں، پروٹیز کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پرانے انداز کے مطابق کھیل پیش کر کے کیریئر کے 100ویں میچ کو یادگار بنانے کی پوری کوشش کروں گا،
میں جانتا ہوں کہ جب میں بہترین فام میں ہوتا ہوں تو بائولرز کو آڑے ہاتھوں لیتا ہوں اور مجھے کسی بھی بائولر کا خوف نہیں ہوتا، اب میں پہلے سے زیادہ ذمہ دار کھلاڑی بن گیا ہوں اور میری کوشش ہو گی کہ اچھی اننگز کھیل کر ٹیم کو بہترین پوزیشن پر لے جائوں۔ وارنر کے پاس 100ویں ٹیسٹ میں کیریئر کے 8ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کا بھی سنہری موقع ہے اور وہ اس ہدف سے 78رنز کی دوری پر ہیں، بطور اوپنر زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کی فہرست میں وارنر پانچویں نمبر پرموجود ہیں، انہوں نے اب تک 24سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔