اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیٹا معلومات پر مبنی فیصلہ سازی کی بنیاد ہے، یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا کر اپنے ملک کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لائیں،ساتویں مردم شماری کی بنیاد پر صوبائی سطح پر رپورٹس جاری کی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت پی بی ایس ڈیٹا فیسٹ 2024 کی تیاریوں کے لیے جائزہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، چیف سٹیٹس ٹیشن ڈاکٹر نعیم ظفر اور ممبر محمد سرور گوندل سمیت اہم افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ڈیٹا فیسٹ 2024 کے زریعے ڈیٹا کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کو ترقی کے لیے بروئے کار لانا تھا ۔ڈیٹا فیسٹ 2024 کا مقصد ڈیٹا خواندگی کو فروغ دینا اور ڈیٹا کے اسٹریٹجک استعمال کے ذریعے جدت، انضمام اور ترقی کو بڑھانا ہے۔ وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نےاس بات پر زور دیا کہ ڈیٹا کے ذریعے فیصلہ سازی کو مضبوط بنانا پاکستان کی ہر شعبے میں ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا معلومات پر مبنی پر فیصلہ سازی کی بنیاد ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا کر اپنے ملک کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ساتویں مردم شماری 2023، جو پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے، کی بنیاد پر صوبائی سطح پر رپورٹس جاری کی جائیں تاکہ مقامی سطح پر مباحثے کو فروغ ملے اور پالیسی سازی کے عمل میں بہتری لائی جا سکے۔
یہ رپورٹس صوبے کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر طور پر سمجھنے اور مؤثر پالیسی منصوبہ بندی کے لیے اہم ہوں گی۔پروفیسر احسن اقبال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس ایونٹ میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ماہرین اور جامعات کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا مصنوعی ذہانت کی بنیاد ہے، اور اس فیسٹیول کے ذریعے ہم ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے درمیان خلا کو پُر کرنے کے لیے ماہرین اور تعلیمی شعبے کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ قومی ترقی کے لیے جدید حل تلاش کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈیٹا فیسٹ 2024 میں جامعات کے طلبا کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور ان کے لیے ڈیٹا مقابلوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ پی بی ایس کے ڈیٹا کو تخلیقی طریقوں سے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔