اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):اسلام آباد کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) محمد جواد طارق نے اردلی روم میٹنگ منعقد کی جس کا مقصد پولیس افسران کے ذاتی و محکمانہ مسائل کا جائزہ لینا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا تھا۔ یہ میٹنگ انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر منعقد کی گئی۔میٹنگ میں آپریشنز ڈویژن کے افسران نے شرکت کی اور اپنے پیشہ ورانہ و ذاتی مسائل ڈی آئی جی کے سامنے رکھے۔
ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے سنگین نوعیت کے مقدمات کی ازسرِنو انکوائری کرنے کی ہدایت کی اور دیگر زیر التواء معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات کیے جا چکے ہیں، جن میں رہائشی سہولیات میں بہتری، معیاری طبی سہولیات اور اہل خانہ کے لیے بہتر تعلیمی مواقع شامل ہیں۔
ڈی آئی جی نے افسران کو یقین دلایا کہ ان کا دفتر ہر وقت ان کے لیے کھلا ہے اور تمام اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ شہر کے بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ آردلی روم کا مقصد نہ صرف مسائل کا حل ہے بلکہ پولیس فورس کا حوصلہ بلند کرنا اور امن و امان کے قیام میں ان کے کردار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔