اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):ڈی آئی جی سکیورٹی /ہیڈکوارٹرز سید علی رضا نے ڈپلو میٹک انکلیو میں واقع سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر کے سکیورٹی افسران کے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات کا مقصد سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر کی سکیورٹی کو مزید مو ثر بنانا اور ہائی سکیورٹی زون میں داخلی راستوں پر درپیش مسائل کو حل کرنا تھا،اقوام متحدہ کے دفاتر،سفارت خانوں اور عملہ کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔پویس ترجمان کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سکیورٹی /ہیڈکوارٹرز سید علی رضا نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے سکیورٹی افسران کے ساتھ ملاقات کی ،اس موقع پر ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن محمد سرفراز ورک سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے،
ملاقات کا مقصد موجودہ حالات کے پیش نظر سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانا اور ہائی سکیورٹی زون میں داخلی راستوں پر درپیش مسائل کو حل کر نا تھا۔ ڈی آئی جی سکیورٹی /ہیڈکوارٹرز نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں واقع سفارت خانوں، اقوام متحدہ اور غیر ملکی دفاتر کی سکیورٹی اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی اولین ترجیح ہے،ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی کو جدید ٹیکنالوجی کی مد د سے مزید موثر بنایا گیا ہے،اس سلسلہ میں ڈپلومیٹک انکلیو کی حفاظتی دیوار کو دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے جبکہ ڈپلومیٹک انکلیو کے داخلی و خارجی راستوں، چار دیواری اوراندورنی راستوں پر جدید ٹیکنالوجی کے حامل کیمرہ جات بھی نصب کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں اور پیدل اشخاص کی تلاشی اور کوائف کے انداج کے لئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں،ڈپلو میٹک انکلیو میں موبائل اور پیدل گشت کو بھی مزید بڑھایا جارہا ہے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی /ہیڈکوارٹرز نے سکیورٹی افسران کو بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کی صورت میں موبائل ایپ اور پینک الرٹ سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے
جبکہ باہمی رابطے کو مزید بہتر بنانے کے لئے واٹس ایپ گروپ بھی موجود ہے۔ ملاقات میں شرکا نے ڈی آئی جی سکیورٹی /ہیڈکوارٹرز سے ڈپلومیٹک انکلیو میں درپیش مسائل کی بابت سوالات کئے اور ان کے حل کے لئے تجاویز پیش کی ۔ ڈی آئی جی سکیورٹی /ہیڈکوارٹرز نے سینئر پولیس افسران کو شرکا کے مسائل کو حل کرنے کے لئے احکامات جاری کئے۔