اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سید علی رضا نے ڈولفن سکواڈ، ابابیل سکواڈ اور انسداد فسادات یونٹ کے افسران کو بریفنگ کے دوران جرائم کے خاتمے کے لیے اسلام آباد پولیس کے عزم پر زور دیا۔ہفتہ کوتعلقات عامہ کے ایک افسر نے بتایا کہ بریفنگ کے دوران ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے افسران کو ان کے متعلقہ فرائض سونپے اور حالیہ دنوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا۔ڈی آئی جی علی رضا نے افسران کو یقین دلایا کہ آپ کی لگن اور محنت رائیگاں نہیں جائے گی،
ہم مل کر جرائم پیشہ عناصر کو ختم کرتے ہوئے اس شہر اور اس کے مکینوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ ڈی آئی جی سید علی رضا نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے تمام پٹرولنگ یونٹس کو مزید موثر بنائیں۔چیکنگ پوائنٹس پر چیکنگ کے دوران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنے فرائض ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دیں۔ ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ اچھی کارکردگی پر انعامات دیئے جائیں گے جبکہ ناقص کارکردگی پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی سید علی رضا نے زور دیا کہ شہریوں کو تحفظ کا احساس فراہم کرنا اور جرائم پر قابو پانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہمارا پہلا اور اہم ہدف شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔