مانسہرہ۔ 8 فروری (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریننگ خیبر پختونخوا عبدالغفور خان آفریدی نے سکیورٹی کے حوالہ سے پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ کا دورہ کیا۔ پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ آمد کے موقع پر ڈائریکٹر پی ٹی ایس مانسہرہ نیاز گل، ڈی ایس پی ایڈمن محمد یعقوب خان نے ڈی آئی جی کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستہ نے سلامی پیش کی، یادگار شہداپر پھول چڑھائے اور شہداپولیس کے بلند درجات کےلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔ ڈی آئی جی ٹریننگ خیبر پختونخوا عبدالغفور خان آفریدی نے سکیورٹی کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ پولیس، سکیورٹی اداروں، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور ڈی ایس پی کے افسران کے ساتھ اہم میٹنگ کا انعقاد کیا۔
میٹنگ میں ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ نیاز گل خان، ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر، ڈی ایس پی ایڈمن محمد یعقوب خان، ڈی ایس پی سپیشل برانچ ذاکر خان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی سجاد حیدر، ایس ایچ او صدر اسرار شاہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر اعلیٰ افسران کو ہدایت کی گئی پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ کی سکیورٹی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھیں، سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا۔
ڈسٹرکٹ پولیس اور تمام ادارے مل کر پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ کی سکیورٹی کو فول پروف بنائیں۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ ملکی حالات اور دہشت گردی کی جاری لہر کے پیش نظر پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ کے ارد گرد ایریا کا سرچ آپریشن اور موک ایکسرسائز کروانے کے خصوصی احکامات جاری کئے، پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ کے آس پاس ایریا میں کرایہ دار اور باہر سے آنے والے افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ نیاز گل خان، ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر نے پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ و پولیس لائن کی سکیورٹی کے متعلق ڈی آئی جی ٹریننگ خیبر پختونخوا عبدالغفورخان آفریدی کو بریف کیا، زیر تربیت پولیس ٹریننز کی آمد و رفت پر سکیورٹی کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے۔
ڈی آئی جی ٹریننگ خیبر پختونخوا عبدالغفورخان آفریدی نے سکیورٹی کے حوالہ سے پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ کے مختلف پوائنٹس، چیک پوسٹ، بیریئر اور دیگر پوائنٹس کادورہ کیا، ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں کو ڈیوٹی کے متعلق ضروری ہدایات دیں۔ بعد ازاں روزنامچہ کمانڈ اینڈ کنٹرول، (کیمرہ روم)، زیر تربیت پولیس ٹریننز کے رہائشی ہاسٹل کا بھی دورہ کیا گیا، بیرک کی صفائی سے متعلق ضروری ہدایات بھی دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557388