کوئٹہ۔ 22 مارچ (اے پی پی):ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحی بلوچ کی زیر صدارت یوم شہادت حضرت علی کے سلسلہ میں ممبران امن کمیٹی کے ساتھ ڈی آئی جی آفس میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد اور ایس ایس پی کوئٹہ جواد احمد طارق بھی موجود تھے ۔ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی عامر بلوچ نے کہا کہ حضرت علی ؓ کے یوم شہادت پر 21 رمضان المبارک کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان، بجلی، گیس اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی و ڈرینج سمیت مجالس اور جلوسوں کی گذرگاہوں کی صفائی ستھرائی و دیگر تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر سعد بن اسد نےتمام مکتبہ فکر کے علماء کرام اور قائدین سے کہا کہ وہ یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط رابطہ میں رہیں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکل صورتحال سے بچا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈی آئی جی آفس میں حضرت علی ؓ کے یوم شہادت پر 21 رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں ایس پی سریاب شفقت امیر جنجوعہ، ایس ایس پی سٹی پری گل ترین ، ایس پی صدر سرکل محمد آصف ،ایس پی قائد آباد سرکل شمروز خان ایس پی ہیڈکوارٹر پولیس لائن محمد حلیم اچکزئی ،سمیت ضلعی صدر عذاداری کونسل کے رہنما و دیگر مختلف مکتبہ فکر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں حکام نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران کو بھی ہدایت دی جائے گی کہ وہ حضرت علی ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر مجالس و جلوسوں پر میڈیکل کیمپس قائم کرکے ایمبولینسز، ڈاکٹرز، عملہ اور متعلقہ ادویات کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس پی آپریشن جواد طارق نے کہا کہ سکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں موبائل ٹیموں ،موٹر سائیکلوں سمیت ایف سی ،پولیس کے جوان اور افسران تعینات کئے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس موقع پر علماء کرام کی جانب سے مختلف تجاویز اور مسائل پیش کئے گئے جن کے حل کیلئے ڈی آئی جی ،ڈپٹی کمشنر نے انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔