ڈی آر او  نے 19 آر او اور 38 اسسٹنٹ آراوز سے حلف لیا

146
Election 2024
Election 2024

رحیم یارخان 20 دسمبر (اے پی پی):عام انتخابات2024ء کے انعقاد کے لئے ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تقریب حلف برداری کاانعقاد ہوا۔ ضلع کے19ریٹرننگ اور38اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران نے اپنے عہدے کا حلف لے لیا۔

ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر شکیل احمد بھٹی نے ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے حلف لیا۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وحید فیروز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر شکیل احمد بھٹی نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ واسسٹنٹ ریٹرننگ افسران بطور الیکشن آفیشل انتخابی قوانین کے مطابق فرائض سر انجام دیں۔

ہمارا مقصد تمام وسائل کو بروئے کا رلاتے ہوئے شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد میں کسی سیاسی دباؤکو ملحوظ خاطر نہ لایا جائے اورریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران بلا خوف و خطر اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ عام انتخابات2024ء کے بابت معلومات و مانیٹرنگ کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے۔