اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق نے پولیس افسران کو درپیش محکمانہ اور ذاتی مسائل کے بروقت اور ترجیحی حل کو یقینی بنانے کے لیے اپنے دفتر میں اردلی روم کا انعقاد کیا۔اتوار کو ایک اہلکار نے بتایا کہ آپریشنز ڈویژن کے افسران نے اردلی روم میں شرکت کی اور ڈی آئی جی کو ذاتی اور سرکاری دونوں طرح کے تحفظات پیش کئے۔
انہوں نے کہا کہ سینئر افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سنگین معاملات کی انکوائری دوبارہ شروع کریں اور دیگر زیر التوا مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں تیزی لائیں۔ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں رہائش، طبی سہولیات اور تعلیم کے معیار میں بہتری شامل ہے۔
ڈی آئی جی نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہے تو میرے دفتر کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اس شہر کی بہتری کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی آئی جی نے کہا کہ اردلی روم کا بنیادی مقصد پولیس افسران کی فلاح و بہبود، ذاتی اور سرکاری خدشات کو براہ راست رابطے اور فوری کارروائی کے ذریعے دور کرنا تھا۔