ڈی ایس ریلوے محمد انعام اللہ کا لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ، سہولیات اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

17

لاہور۔30جون (اے پی پی):ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور محمد انعام اللہ نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی لاہور ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایس مکینیکل میاں عبدالوقاص سمیت ڈویژن کے دیگر افسران اور اسسٹنٹ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران ڈی ایس ریلوے نے اسٹیشن پر صفائی کی صورتحال، مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا بغور معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ٹھیکہ داروں سے بریفنگ لیتے ہوئے کام کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈی ایس محمد انعام اللہ نے زیر تعمیر ملٹی ویٹنگ ایریاز، صاف پانی کی فراہمی، اور جدید کوالٹی ٹائلٹس کا بھی جائزہ لیا

اور ان سہولیات کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے افسران و عملے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سہولت، اسٹیشن کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت و معیاری تکمیل، ریلوے انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔