لاہور۔4جولائی (اے پی پی):ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمد انعام اللہ نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا، اس موقع پر تمام ڈویژنل افسران بھی موجود تھے۔ترجمان کے مطابق ڈی ایس ریلوے نے جاری ترقیاتی کاموں اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ریلوے سٹیشن پر زیر تعمیر ویٹنگ ہالز کا خصوصی معائنہ ،تعمیراتی کام کا معیار ورفتار کا جائزہ لیا ،متعلقہ حکام کو تمام کام وقت پر مکمل کرنے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ترجمان کے مطابق ڈی ایس ریلوے نے تمام پلیٹ فارمز پر موجود (Pay-to-Use Washrooms) کا بھی تفصیلی معائنہ کیا، معائنے کے دوران واش رومز میں صفائی اور سہولیات کی کمی پر متعلقہ کنٹریکٹرز اور صفائی عملے کو سختی سے ہدایت دی گئی
کہ تمام خامیاں فوری دوراور مسافروں کو بہتر سہولیات مہیا کی جائیں۔ڈی ایس ریلوے لاہور نے اسٹیشن پر تمام ویٹنگ ہالز، ویٹنگ رومز اور نئے تعمیر ہونے والے ٹرین ڈسپیچ آفس (Train Dispatch Office) کا بھی معائنہ کیا۔ زیر تعمیر آفس کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی رفتار اور معیار کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو تیز اور تمام تکنیکی تقاضے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے گرین لائن ہال اور اسٹیشن پر موجود وی آئی پی روم کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسٹیشن کے عملے کو ہدایت دی کہ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔