ڈی ایٹ ممالک کوغذائی سلامتی کویقینی بنانے اورزرعی پیداوارمیں اضافہ کیلئے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین

49

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):سرمایہ کاری بورڈ وخصوصی اقدامات کے وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین نے کہاہے کہ غذائی تحفظ وسلامتی کویقینی بنانے کیلئے پاکستان کی حکومت زراعت اورلائیوسٹا ک کے شعبوں پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے یہ بات ترکی کے شہراستنبول میں ڈی ایٹ تنظیم کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پرمنعقدہ سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فرینہ مظہر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وفاقی وزیرنے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان کے زرعی شعبے نے مالی سال 2022 میں 4.4 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے جس میں فصلوں میں 6.6 فیصد اور مویشیوں کی پیداوار میں 3.3 فیصد اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان مختلف زرعی آلات اور مشینری پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں خصوصی ریلیف فراہم کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے ڈی ایٹ خطہ میں غذائی سلامتی اورزرعی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے غذائی پیداوارمیں نمایاں اضافہ کیاجاسکتا ہے۔ وفاقی وزیرنے ڈی ایٹ کے مندوبین سے ملاقاتیں کی جن میں انہوں نے ان ممالک کوپاکستان میں بننے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تجارت اورسرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول فراہم کیاگیاہے۔

سرمایہ کاری بورڈکی سیکرٹری فارینہ مظہر نے تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی جس میں انہوں نے سرمایہ کاری فورم کے حاضرین کو کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالہ سے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، حکومت اصلاحات پرعمل پیراہے جس کا اعتراف عالمی تجارتی تنظیم، عالمی اقتصادی فورم اور عالمی بینک نے بھی تسلیم کیاہے۔

انہوں نے ڈی ایٹ کے تاجروں کو پاکستان میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی اورکہاکہ پاکستان کا منفرد اسٹریٹجک محل وقوع تین براعظموں اور 68 ممالک تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان سی پیک کے ذریعے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے وسیع تر منصوبے سے منسلک ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈنے ترکی کی کاروباری برادری کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔