بھکر۔ 27 جنوری (اے پی پی):ڈی ایچ کیو ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں ڈائیلسز مشین کی تنصیب ایک اہم پیش رفت ہے یہ اہم اقدام صحت کے شعبے میں ایک مثبت قدم ہے اور انتظامیہ کی صحت کی سہولیات بہتر بنانے کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں ڈائیلسز مشین کی تنصیب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس حوالہ سے منعقدہ خصوصی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ندیم رضا ملک،سرجن ڈاکٹر مظہر حسین خان بلوچ،انچارج آئی سی یو وارڈ ڈاکٹر قمر رضا،اے ایم ایس ڈاکٹر احسان اللہ خان سمیت سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے آئی سی یو وارڈ میں ڈائیلسز مشین کی تنصیب کو مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے نہایت مفید اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے شعبہ صحت میں مثبت اضافہ قرار دیا۔منعقدہ تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان ،ڈاکٹر مظہر حسین خان بلوچ اور ڈاکٹر قمر رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی یو وارڈ انتہائی نگہداشت کا وارڈ ہوتا ہے جہاں پر ڈائیلسز مشین کی تنصیب مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے ایک عمدہ ذریعہ ہے آئی سی یو وارڈ میں ڈائیلسز مشین سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ہیلتھ سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی ۔
اس موقع پر سرجن ڈاکٹر مظہر حسین خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایف سی پی ایس ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت ایف سی پی ایس ٹرینی میڈیکل آفیسرز اپنی ٹریننگ اسی ہسپتال سے حاصل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے مریضوں کے علاج معالجے میں مزید بہتری کی توقع ہے۔اس موقع پر آئی سی یو وارڈ کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔