ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور سے زیر حراست ملزم کے فرار کا واقعہ، ڈی پی او نے ڈیوٹی پر تعینات چار اہلکاروں کو معطل کر دیا

15
DHQ Hospital Haripur
DHQ Hospital Haripur

ہری پو۔ 10 جون (اے پی پی):ڈی پی او ہری پور فرحان خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے زیر حراست ملزم کے فرار کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈھینڈہ سے زیر حراست ملزم ناصر ڈیوٹی پر تعینات جوانوں کو چکما دے کر فرار ہو گیا۔ ڈی پی او ہری پور فرحان خان نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ملزم کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

ایس پی انویسٹی گیشن ہری پور جمیل الرحمٰن کی قیادت میں ضلع بھر میں ملزم ناصر کی گرفتاری کےلئے ناکہ بندیاں عمل میں لائی گئیں بعد ازاں دوران ناکہ بندی فاروقیہ چیک پوسٹ پر ملزم ناصر کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی پی او نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دےدیا۔