ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے تمام معاملات طے ہو چکے ،کسی بھی وقت نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا،وزیر مملکت فرخ حبیب

101

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے تمام معاملات طے ہو چکے ہیں، اس معاملے پر تمام قیاس آرائیاں ختم ہو چکی ہیں، وزیراعظم آفس کسی بھی وقت نوٹیفکیشن جاری کر دے گا، گزشتہ 50 برسوں کے دوران عالمی سطح پر مہنگائی کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے ہیں، پاکستان بھی خوردنی تیل، پٹرول اور دالوں سمیت متعدد چیزیں درآمد کرتا ہے اسلئے عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ کا پاکستان پر بھی اثر پڑا ہے، حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے، اسی سلسلے میں حکومت اگلے ماہ فوڈ سپورٹ پروگرام کے تحت 1 کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کو آٹے، گھی، چینی اور دالوں میں براہ راست کیش سبسڈی دینے جا رہی ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے اور ریلیوں کے اعلان سے حکومت پر کسی قسم کا دبائو نہیں ہے، پی ڈی ایم کے موجودہ حکومت کے خلاف احتجاج، استعفے، لانگ مارچ اور عدم اعتماد کے تمام حربے ناکام ہو گئے، اب یہ ترلے منتوں پر اتر آئی ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوویڈ19 کو بہترین طریقے سے ہینڈل کیا اور ہم نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بند نہیں ہونے دیا، کورونا بحران کے باوجود حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی برآمدات، لارج سکیل مینوفیکچرنگ، زرعی پیداوار اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، ملک میں انڈسٹریلائزیشن ہو رہی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں کسان خوشحال ہوئے ہیں اور ان کی جیبوں میں اضافی 1100 ارب روپے گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج ملک میں کپاس اور گنے سمیت فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، گنے کی پیداوار بڑھنے سے چینی کی قیمتوں میں بتدریج کمی آئے گی، اسی طرح حکومت1950 روپے میں سرکاری گندم ریلیز کر رہی ہے جس کے باعث آٹے کی قیمتیں نیچے آئیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 20کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں مل رہا ہے، سندھ حکومت نے 12لاکھ ٹن گندم گوداموں میں رکھی اور اس نے تاخیر سے اجرا کیا جس کی وجہ سے صوبے میں 20کلو آٹے کا تھیلا ساڑھے چودہ سو روپے میں دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں حکومت نے سیلز ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی میں کمی کرنے اور ایڈوانس سیلز ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے گھی کی فی کلو قیمت 40 سے 50 روپے کم ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ سابقہ حکومتیں ملکی معیشت کو تباہ کر کے گئی تھیں، ماضی کے حکمرانوں نے برآمدات بڑھانے کی بجائے درآمدات پر انحصار کیا تاہم موجودہ حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت صحیح سمت کی جانب گامزن ہے، کورونا وبا کے دوران بھی شرح نمو میں چار فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے دوران شرح نمو میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ 13 سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس نے صوبے کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کئے جس کی وجہ سے صوبے کے لوگ آج بھی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔

پی ڈی ایم کے ریلیوں کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اب بس ہو گئی ہے، ان کے حکومت مخالف تمام حربے ناکام ہو گئے ہیں، ن لیگ مریم اور شہباز شریف کی لیڈرشپ کے اندر پھنسی ہوئی ہے، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں اور ریلیوں سے کوئی دبائو نہیں ہے، حکومت کی تمام تر توجہ عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔