اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر وسیفران انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردوں کے خلاف جبکہ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کی حمایت میں پریس کانفرنس کی ، پی ٹی آئی لیڈروں کی پریس کانفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ امن نہیں چاہتے۔
منگل کو پی ٹی آئی لیڈروں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پی ٹی آئی کا نام نہیں لیا لیکن پی ٹی آئی رہنمائوں کی پریس کانفرنس ڈیجیٹل دہشت گرد ی اور9 مئی کے جرم کا اعتراف تھا ۔بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے 9 مئی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا جبکہ پی ٹی آئی لیڈر اس کے برعکس بیانات دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے بیانات ، اعترافی وڈیوز، جی ایچ کیو، کورکمانڈر وں کے گھروں پر حملے کا پہلے بھی اعتراف کرچکی ہے ، یوٹرن سے جرائم چھپ نہیں سکتے ۔
امیر مقام نے کہا کہ پوری دنیا نے 9 مئی کے حملوں کی وڈیوز دیکھیں ، سٹیٹ بینک نے فارن فنڈنگ کا ریکارڈ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کی صوبائی حکومت نے بنوں امن مارچ کو فوج کے خلاف مارچ بنایا ۔ یہ جرائم کسی اور ملک میں ہوتے تو اب تک اس انتشاری گروہ پر پابندی لگ چکی ہوتی اور اسے عبرت کی مثال بنایاجاچکا ہوتا۔