ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی خصوصی عوامی آگاہی مہم جاری

118

راولپنڈی ۔7نومبر (اے پی پی):راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے اور ڈینگی کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت کے پیشِ نظر ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی”عوامی آگاہی مہم 2024” جاری ہے۔ یہ مہم عوام میں ہاؤسنگ سکیموں کی اہمیت، ان کے فوائد اور ڈینگی سے بچاؤ کے مؤثر طریقوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف شہریوں کو ہاؤسنگ سکیموں کی بہتر سمجھ فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور اس کی روک تھام کے حوالے سے بھی اہم معلومات فراہم کرنا ہے۔

ڈی جی آر ڈی کنزہ مرتضیٰ نے اس مہم کے آغاز پر کہا: ”ہماری کوشش ہے کہ عوام کو ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں درست معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی رہائشی ضروریات کے مطابق بہتر فیصلے کر سکیں اور نقصانات سے بچ سکیں۔ مہم کے دوران مختلف ہاؤسنگ سکیموں کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی جن میں رہائشی یونٹس، پلاٹس، اور دیگر سہولتوں کے بارے میں معلومات شامل ہوں گی۔ عوام کو یہ آگاہی دے رہے ہیں کہ صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں خرید و فروخت کی جائے، تاکہ کسی قسم کے قانونی اور مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔

غیر منظور شدہ ہاؤسنگ ا سکیمیں اکثر سرمایہ کاروں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہیں، جیسا کہ قانونی پیچیدگیاں، مالی خطرات اور انفراسٹرکچر کی کمی جس کی وجہ سے غیر قانونی سکیموں میں اکثر سڑکوں، پانی کی فراہمی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی کمی ہوتی ہے۔ اسی طرح ڈینگی کی روک تھام کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس مہم میں شہریوں کو ڈینگی کی علامات، اس کے پھیلاؤ کے طریقے اور اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر آگاہ کیا جائے گا۔ خاص طور پر پانی کے ذخائر کی صفائی، مچھروں کے پھیلاؤ کی روک تھام اور صحت کے ماہرین کی تجاویز کو عوام تک پہنچایا جائے گا۔

ڈی جی آرڈی اے نے کہا ”ہماری اولین ترجیح شہریوں کی صحت اور تحفظ ہے۔ یہ مہم نہ صرف ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گی، بلکہ ڈینگی جیسے موذی مرض سے بچاؤ کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرے گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہم مل کر راولپنڈی کو ایک محفوظ اور خوشحال شہر بنا سکیں”۔