فیصل آباد۔ 26 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری سے جرمن بنک کے ادارہ کے ایف ڈبلیو کے ماہرین نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جن میں سنیئر کنسلٹنٹ جین ساس اور سینئر واٹر سپیشلسٹ عمر جاوید غنی شامل تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ،چیف انجینئر مہر ایوب،ڈپٹی ڈائریکٹر انجنئیرنگ ملک سانول ودیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے جرمن ماہرین کی ٹیم کا خیر مقدم کیا اور انہیں ایف ڈی اے کی سروسز اور اربن ڈویلپمنٹ میں منصوبہ سازی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ منظم اور جامع ٹاؤن پلاننگ کے لئے قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس سلسلے میں شہر کی ماسٹر پلاننگ بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ہمہ جہت ترقیاتی پروگرام پر خصوصی توجہ مرکوز ہے جس کے لئے ایف ڈی اے کے انجینئرز کی سٹڈی جاری ہے جس کے تحت شہری ترقی کے بعض منصوبے بھی تجویز کئے گئے ہیں۔
ڈی جی ایف ڈی اے نے جرمن ماہرین کی ٹیم کو فیصل آباد شہر میں بعض پوٹینشل منصوبوں کے لئے فنڈنگ میں دلچسپی کے حوالے سے ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے بھرپور تعاون کرنے کا یقین دلایا اور کہا اس سلسلے میں سٹڈی اور پلاننگ کے لئے انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔
جرمن بنک کے سینئر کنسلٹنٹ مسٹر جین ساس نے بتایا کہ ان کا ادارہ فیصل آباد شہر میں واٹر سپلائی کے منصوبوں کی اپ گریڈیشن میں فنڈنگ کا خواہاں ہے تاکہ شہریوں کو پینے کا پانی بہترین سسٹم کے تحت صاف ستھرے ماحول میں میسر آ سکے اس سلسلے میں سٹڈی کو ایف ڈی اے کی ماسٹر پلاننگ سے منسلک کیا جاسکتا ہے تاکہ آبادی کی ضرورتوں اور مستقبل کے تقاضوں کا منظم تعین ہوسکے۔
انہوں نے ماسٹر پلاننگ اور ایف ڈی اے کی سروسز کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا پوٹینشل پراجیکٹس کی سٹڈی اور رپورٹس کی تیاریوں میں دیگر اداروں سے بھی روابط جاری رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566732