ڈی جی ایل ڈی اے کی زیر صدارت مون سون سیزن کے آپریشن بارے اہم اجلاس

147

لاہور۔3اگست (اے پی پی):ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت واسا ہیڈ کوارٹر میں جاری مون سون سیزن کے آپریشن بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایم ڈی واسا غفران احمد نے آپریشنل تیاریوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔شدید ترین بارش کے باوجود چند گھنٹوں میں بارشی پانی کا نکاس یقینی بنایا گیا۔

ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ دو روز قبل لاہور میں ریکارڈ بارش ہوئی، عملہ و انتظامیہ نے بہترین کام کیا طاہر فاروق نے واسا کے فیلڈ سٹاف اور عملے کی حوصلہ افزائی کی اور مزید لگن سے کام کرنے کی تلقین کی۔اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ واسا، ٹیپا اور پی ایچ اے کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی تیار کرے۔

اجلاس میں جاری مون سون بارشوں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور کے 48 پارکوں کی گرین بیلٹس کو رین مینجمنٹ سسٹم کی بہتری کے لیے نیچے کیا جائے گا۔فیروز پور روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ ،والڈ سٹی کی گرین بیلٹس کو بھی نیچے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کو سڑکوں پر پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ پلازہ مالکان بیسمنٹ و پارکنگ سے پانی کا نکاس سیوریج سسٹم میں ڈالیں، خلاف ورزی پر ایکشن ہو گا۔طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ زیر تعمیر املاک بارشی پانی کا نکاس سیوریج لائن میں یقینی بنائیں، سڑک پر پانی کے اخراج پر ایکشن لیا جائے۔

اجلاس میں ڈپٹی ایم ڈی، تمام ٹاونز کے ڈائریکٹرز اور ایکسینز نے شرکت کی۔بعدازاں ڈی جی ایل ڈی اے نے ایم ڈی واسا کے ہمراہ گلبرگ کے مختلف پوائنٹس،مراتب علی روڈ، قذافی اسٹیڈیم روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور مال روڈ کا بھی دورہ کیا۔