ڈی جی رینجرزسندھ کا کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ،پولنگ کے دوران سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا

139
Rangers Sindh
Rangers Sindh

کراچی۔ 08 فروری (اے پی پی):ڈی جی رینجرزسندھ نے الیکشن کی مناسبت سے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ترجمان رینجرز سندھ کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے الیکشن کی مناسبت سے کراچی کے مختلف علاقوں سوک سینٹر،کارساز، ڈرگ روڈ ، مزار قائد،دائود چورنگی، انڈس چورنگی، کورنگی ، قیوم آباد ، نرسری ، لسبیلہ ،گولیمار، بورڈآفس ، نارتھ ناظم آباد، سخی حسن ،ناگن چورنگی، سہراب گوٹھ، گڈاپ، ملیر ہالٹ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر علاقہ سیکٹر کمانڈر ز نے ڈی جی رینجرز کو سکیورٹی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈی جی رینجرز نے انتہائی حساس پولنگ سٹیشنزسے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی کاخصوصی جائزہ لیا اور انتظامات کو مزید مئوثر بنانے کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز کے کوئیک ریسپانس دستے پاک آرمی،پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کرکسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے قواعدو ضوابط پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔