ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت اجلاس، کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

3

کراچی۔ 24 جون (اے پی پی):ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ)میں ایک اعلی سطح کاسکیورٹی اجلاس ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمر یز کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال بالخصوص محرم الحرام کے انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔منگل کو ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اجلاس میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جی( سی ٹی ڈی،سی آئی اے، اسپیشل برانچ، ویسٹ، سائوتھ، ایسٹ، ٹریفک، حیدر آباد، سکھر،لاڑکانہ)، ہو م ڈیپارٹمنٹ،پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اورسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا،تمام مکاتب فکر کے اجتماعات، مجالس اورجلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ مکمل ہم آہنگی اور موثر انٹیلی جنس شیئر نگ کے ذریعے کسی بھی خطر ے کو قبل ازوقت ناکام بنایا جائے اور صوبے کی بین الصوبائی داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت لئے جانے کی بھی ہدایت جاری کیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی طے پایا کہ منظور شدہ ضابطہ عمل پر مکمل عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن وامان قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعائون کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپیل کی گئی وہ کسی بھی شرپسند عناصر

مشکوک سر گرمی اور نا خو ش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار،رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔