فیصل آباد۔ 09 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے فیصل آباد ڈویژن کی مختلف انٹر ڈسٹرکٹ چیک پوسٹوں اور سیل پوائنٹس کا اچانک دورہ کیا۔ وہ اینٹی ٹک چیک پوسٹ ڈپٹی والا سمیت دیگر چیک پوسٹوں پر گئے اور سیکرٹری لائیو سٹاک محمد مسعود انور کی ہدایات کے مطابق محکمانہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔
اس دوران انہوں نے قربانی کے جانوروں کو چچڑ مار سپرے کے عمل کا معائنہ کیا، عملے کی حاضری کو چیک کیا اور چچڑ مار ادویات کی دستیابی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انہوں نے ضلع جھنگ کے سیل پوائنٹ کوٹ سائی سنگھ کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر لگائے گئے ویٹرنری کیمپ پر تعینات عملے کی حاضری اور اس کے ساتھ ساتھ ادویات کی دستیابی کو بھی چیک کیا اور ڈیوٹی پر مامور ویٹرنری عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ قربانی کے لئے لائے گئے جانوروں پر چچڑ مار سپرے کو یقینی بنایا جائے تاکہ چیچڑ ختم کر کے عوام کو اور جانوروں کو چچڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے ضلع جھنگ کے اڈا کھوئی / 46۔ اڈا پر قائم اینٹی ٹک چیک پوسٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر بھی مامور ویٹرنری عملے کی حاضری چیک کی اور انہیں اینٹی ٹک سپرے ایکٹیوٹی کو جاری رکھنے کے بارے ہدایات جاری کیں۔