لاہور۔25جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران نے لبرٹی چوک مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مون سون انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مون سون ایمرجنسی کیمپس پر مشینری و سٹاف ہمہ وقت متحرک رکھا جائے ،تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اور ڈرینز کی روزانہ صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارشی پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سٹاف کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے
اور شہر کے تمام نشیبی علاقوں میں اضافی مشینری اور سٹاف کی تعیناتی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ واسا لاہور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت تدارک کیا جا سکے