لاہور۔12مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید نے وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ جوہر ٹائون میں زیر تعمیر واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹ ابوبکر عمران نے منصوبے کی پیشرفت اور تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی واسا نے تعمیراتی کاموں کے معیار کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیر میں جدید انجینئرنگ تکنیکوں کا استعمال یقینی بنایا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے اس موقع پر زور دیا کہ ہیڈ آفس کی تعمیر میں توانائی کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھا جائےاورایسے اقدامات کیے جائیں جو واسا کے مالی اخراجات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں کی نگرانی کو مزید سخت کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی رپورٹ فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ واسا کا نیا ہیڈ آفس عوام کی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا، جہاں شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موثر نظام قائم کیا جائے گا۔وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے کہا کہ عوام الناس کی شکایات کا فوری ازالہ واسا کی اولین ترجیح ہے، اور نئے ہیڈ آفس میں ایسا سسٹم متعارف کروایا جائے گا جو عوامی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571820