لاہور۔27جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور منصور احمد نے باغ جناح کا دورہ کیا اور باغ میں انتظامات، صفائی ستھرائی، ہارٹیکلچر اور سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا،اس موقع پر انکے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن صولت حیات وٹو بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈی جی پی ایچ اے نے موسم برسات شجرکاری مہم کے تحت باغ جناح میں پودا بھی لگایا اور دعا کی کہ یہ مہم لاہور کو سرسبز و شاداب بنانے میں ایک اہم قدم ثابت ہو۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر مصطفی شاد نے باغ کے انتظامات پر ڈی جی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی منصور احمد نے پارک میں لائٹنگ، ہارٹیکلچر ورک اور صفائی ستھرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے پارک کے داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی انتظامات اور پارکنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی جی نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ باغ میں جہاں کہیں بھی گھاس موجود نہیں وہاں فوری طور پر گھاس لگائی جائے تاکہ پارک کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔
اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کا کہنا تھا کہ خود فیلڈ میں پارکس کا دورہ کر رہا ہوں تاکہ بہتری کو یقینی بنایا جاسکےکوئی بھی پارک نظر انداز نہیں ہو گا،تمام پارکس کے معیار کو چیک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اہلِ لاہور کے لیے شہر کے تمام پارکس کو خوشگوار ماحول اور جدید عوامی سہولیات سے مزین کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔