لاہور۔27اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عامر رضا ،ڈائریکٹر آپریشنز نثار ثانی ،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ظہیر لیاقت و دیگر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں مون سون بارشوں سے دریاوں میں سیلابی صورتحال ،ارلی وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف بین الاقوامی ماڈلز اور ہل ٹورنٹس میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 31 اگست تک ڈیرہ غازی خان و راجن پور کے ہل ٹورنٹس میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں بھارتی ڈیمز میں پانی کے تناسب کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب کے دریاں میں فی الوقت سیلاب کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے راجن پور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور وئیر ہا ئوسز میں موجود امدادی سامان کا بھی جائزہ لیا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پی ڈی ایم پنجاب تیار ہے۔
عرفان کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ارلی وارننگ سسٹم کو جدید تر بنایا جائے گا جبکہ رواں سال مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی مالی امداد کی جا رہی ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال میں ضلعی سطح پر ریسکیو، پولیس سول انتظامیہ اور دیگر اداروں سے 24 گھنٹے رابطے میں رہیں۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں ہے،اچھی کارکردگی والے افسران کو سراہا جائے گا جبکہ ناقص کارکردگی پر پوچھ گچھ ہوگی۔