اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):ڈی جی گرین کارپوریٹ انیشیٹو میجر جنرل (ریٹائرڈ) شاہد نذیر (ایس آئی ایف سی )کی قیادت میں چینی زرعی شعبے کے ایک وفد نے ایف پی سی سی آئی کا دورہ کیا۔ وفد نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ چیف کنسلٹنٹ یوان جے من کو چیف کنسلٹنٹ ایف پی سی سی آئی نامزد کرتا ہوں،چین پاکستان کا لازوال دوست اور سٹرٹیجک پارٹنر ہے جو ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف کنسلٹنٹ یوان جے من کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،زراعت کا پاکستان کی جی ڈی پی میں تقریبا 20 فیصد حصہ ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ چین کی زرعی ٹیکنالوجی، جدید فارمنگ ، سیڈ ڈویلپمنٹ اور ویلیو ایڈیشن میں کامیابیاں قابل تعریف ہیں،پاکستان اور چین زراعت، کراپ سائنسز اور ٹیکنالوجی کے تبادلے میں ایک دوسرے سے تعاون کر سکتے ہیں، زراعت کے شعبے میں تعاون دونوں ملکوں کی خوراک کی ضرورت کو پورا کرنے اور تجارتی تعلقات میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں اصلاحات اور زرعی ترقی کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کا کردار قابل تعریف ہے،ایس آئی ایف سی گرین ایگریکلچر، پائیدار فارمنگ اور چینی مشنری لانے کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھا رہا ہے،پاک چین زرعی شعبے میں اشتراک کے حوالے سے میجر جنرل (ر)شاہد نذیر کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی گرین کارپوریٹ انیشیٹو میجر جنرل (ر)شاہد نذیر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں چین کے تعاون سے گرین کارپوریٹ انیشیٹو کے تحت بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں،چینی کمپنی کے تعاون سے پاکستان میں زراعت کی ترقی اور پیداوار میں اضافے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکردو میں فوڈ پراسیسنگ پلانٹ سمیت گزشتہ 2 ماہ میں ریکارڈ 8 منصوبے مکمل کئے ہیں،ڈرپ ایری گیشن فیکٹری، چولستان میں ماڈل ایگریکلچر فارم ، کاشغر فری ٹریڈ زون، 300 ایگری گریجویٹس کی چین میں ٹریننگ پروگرام سمیت جی بی میں زراعت کے متعدد منصوبے مکمل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عرصے میں یہ سب کامیابیاں یوان جے من کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت حاصل ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ یوان جے من کل سے واہگہ، ساہیوال، بارانی علاقوں اور چولستان کا بھی دورہ کریں گے۔ تقریب سے خطاب میں چیف کنسلٹنٹ چینی زرعی کمپنی یوان جے من نے کہا کہ پاک چین تعلقات دہائیوں پر مبنی اور مضبوط ترین ہیں، سی پیک منصوبہ پاک چین دوستانہ اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے چین ہمیشہ ساتھ کھڑا ہے، زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے تبادلے اور باہمی اشتراک سے اہداف کا حصول ممکن ہے،پاکستان میں زراعت کی ترقی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔