پشاور۔31جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی زیر صدارت ہوٹل کرایوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہواجس میں اسسٹنٹ کمشنر بحرین ہدایت اللہ، اسسٹنٹ کمشنر چارباغ ابرار وزیر، ڈائریکٹر جنرل ٹورسٹ سروسز، حلال فوڈ اتھارٹی اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے حکام، صدر ہوٹل ایسوسی ایشن سوات حاجی زاہد خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کنٹرولر اور انچارج ڈی ٹی ایس ریجنل آفس سوات محمد بلال نے ڈی سی کو پرائس کنٹرول اور آنے والے سیزن کے شیڈول کے بارے میں بریفنگ دی۔ رہائشی ہوٹلوں کے لیے حتمی اور مناسب کرایہ مقرر کرنے کے لئے ضلع کو تین زونز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ ہوا۔
مینگورہ، بری کوٹ، سیدو شریف، خوازہ خیلہ اور مٹہ کو زون ون، مدین، بحرین، میاندام اور گبین جبہ کو زون ٹو جبکہ کالام، مالم جبہ، اترور، اوشو اور مٹلتان کو زون تھری میں تقسیم کرکے کرایوں کے لئے درجہ بندی کرنے کا فیصلہ ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جنید خان نے کہاکہ سوات میں سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔
جبکہ ہوٹل کرایوں اور دیگر سہولیات کی بھی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں سیاحوں کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ سیاح بہتر سہولیات سے استفادہ کریں۔ اجلاس میں ریسٹورنٹس کی بھی درجہ بندی کرتے ہوئے مینو کا تعین اور ریٹ مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اسی طرح ڈائریکٹر جنرل ٹورسٹ سروسز خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل کو سیل کرنے کے لئے مجاز اتھارٹی ہوگی۔ ریسٹورنٹ میں خلاف ورزی پر ڈائریکٹر جنرل ٹورسٹ سروسز،حلال فوڈاٹھارٹی،فوڈکنٹرول ایکشن لے سکیں گے۔ یاد رہے کہ سوات پہلا ضلع ہوگا جہاں یہ لائحہ عمل ترتیب دیا جارہا ہے جو دیگر اضلاع کے لئے بھی ایک مثال بنے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=293036