ڈی سی لاہورکی زیر صدارت انسداد پولیو مہم پر اہم اجلاس کا انعقاد

121
Deputy Commissioner Lahore Syed Musa Raza

لاہور۔13دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرلاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت خصوصی انسداد پولیو مہم پر اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوجین وسطرو، اسسٹنٹ کمشنر سٹی علی بابر رائے، پولیو مبصرین اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف تحصیلوں کی پولیو مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گزشتہ پولیو مہم سے موازنہ کیا گیا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے پولیو ورکرز اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور پولیو مہم میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے دو قطرے لازمی پلائے جائیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پئے بغیر نہ رہے اور مس اور انکاری کیسز کی طرف خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ پولیو مہم کا دائرہ کار ہر گلی محلہ تک پھیلایا جائے، پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے دو قطرے آپ کے بچوں کو بہت بڑی محرومی کا شکار ہونے سے بچا سکتے ہیں۔