لاہور۔22اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا نے تحصیل سٹی میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی آپریشنز کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے داتا دربار، سبزہ زار اور دیگر مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی رائے اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے صفائی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے تحصیل میں جاری انتظامی کارروائیوں بارے آگاہ کیا۔ سید موسٰی رضا نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے گھر گھر کوڑا اٹھانے کی مہم کو فعال رکھنے اور رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کی منتقلی کے احکامات بھی جاری کیے۔
انہوں نے زور دیا کہ شہریوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور بیدار کیا جائے تاکہ ایک صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ انتظامیہ ہر سطح پر متحرک ہے اور "صاف لاہور مشن” کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585828