لاہور۔5اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسین اور عرس حضرت داتا گنج بخش کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے اعلی افسران اور منتظمین نے شرکت کی۔منگل کو منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر راوی، پولیس، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور منتظمین شریک ہوئے۔منتظمین نے محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کو خراجِ تحسین پیش کیا اور استدعا کی کہ چہلم اور عرس کے روٹس پر بھی اسی طرح کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔منتظمین نے اجلاس میں مطالبہ کیا کہ جلوس کے روٹس پر پیچ ورک
مناسب لائٹنگ اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین اور عرس حضرت داتا گنج بخش دونوں مواقع انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ضلعی انتظامیہ ان کی مناسب تیاریوں کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس اور اطراف میں صفائی کے مثالی انتظامات کئے جائیں۔ سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور زائرین و عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ عاشورہ کی طرح تمام محکمے چہلم اور عرس کے دوران بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے مربوط پلان تشکیل دیا جائے۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو آپسی روابط اور کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ انتظامات کو بروقت اور موثر طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے منتظمین سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل بھی کی۔