ایبٹ آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی نے تھانہ کینٹ اور نواں شہر کا اچانک دورہ کر کے مددگار جوانوں کو فراہم کئے جانے والے کیمروں کا معائنہ کیا، تھانہ جات کے ریکارڈ، حوالات، کوت اور بیرکس کی چیکنگ سمیت تھانوں میں آئے سائلین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے، تھانہ سٹاف، مددگار فورس کے جوانوں کو عوام کی سہولت و آسانی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات دیں، مددگار جوانوں کو فراہم کئے جانے والے کیمروں سے براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔
ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی نے گزشتہ رات تھانہ کینٹ اور نواں شہر کا اچانک دورہ کیا، اس دوران مددگار جوانوں کو فراہم کردہ کیمروں کا معائنہ کیا، ان کی مدد سے براہ راست تھانہ میں آنے والے سائلین اور دیگر امور کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے دونوں تھانوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا، میس، کوت، مالخانہ، بیرکس، حوالات سمیت سیکورٹی کے حوالہ سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔
دورہ کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے، تھانہ میں آنے والے سائلین کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی ہر طرح سے داد رسی کو ممکن بنایا جائے، عوامی مسائل کا ترجیح بنیادوں پر حل یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں،عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کے حقوق کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کے ساتھ شفقت سے پیش آیا جائے، تھانہ وزٹ کے دوران ضلعی پولیس سربراہ تھانہ میں آنے والے سائیلین سے ملے اور موقع پر ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=295661