مانسہرہ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور ناران پہنچ گئے اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے علاقے میں جاری سرچ آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کی۔ ترجمان مانسہرہ پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ ناران کی حدود گیٹی داس کے قریب پولیس وین پر شرپسندوں کی فائرنگ کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور ناران پہنچے۔ انہوں نے زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور اُن کے حوصلے کو سراہا۔
ڈاکٹروں کے مطابق زخمی اہلکاروں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور مزید طبی امداد کے لیے انہیں مانسہرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے علاقے میں جاری سرچ آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کی اور موقع پر موجود پولیس وین کا بھی معائنہ کیا جسے شرپسندوں کی فائرنگ سے نقصان پہنچا تھا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر پولیس اہلکاروں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ وہ خود پولیس افسران و جوانوں کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں اور تمام کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور بہت جلد ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔