ڈی پی او مانسہرہ کی جانب سے پولیس سے ریٹائر پولیس افسران کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب منعقد

94
DPO Mansehra Shafiullah Gandapur
DPO Mansehra Shafiullah Gandapur

مانسہرہ۔ 28 فروری (اے پی پی):ڈی پی او مانسہرہ شفیع ﷲ گنڈا پور کی جانب سے مانسہرہ پولیس سے ریٹائر ہونے والے پولیس افسران کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعی پولیس آفس مانسہرہ میں ڈی ایس پی سجاد خان اور انسپکٹر وارث خان کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دونوں افسران نے چالیس سال سے زائد عرصہ مانسہرہ پولیس میں خدمات سرانجام دیں اور اپنی زندگیاں عوام کی خدمت اور قانون کی بالادستی کیلئے وقف کیں۔

تقریب میں ڈی پی او مانسہرہ شفیع ﷲ گنڈا پور، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال اور ایس پی سٹی ریشم جہانگیر سمیت ضلع کے تمام ایس پیز، ریٹائر ہونے والے افسران، سٹی ڈویژن کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر سٹاف نے شرکت کی۔ ریٹائر ہونے والے افسران نے تقریب میں شریک افسران اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس میں گذارا ہوا وقت ان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے، یٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ عوامی خدمت کا یہ جذبہ جاری رکھیں گے اور معاشرے میں قانون کی پاسداری اور مظلوموں کی داد رسی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع ﷲ گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ریٹائر ہونے والے افسران ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اپنی پوری سروس میں حوصلے، بہادری اور ایمانداری کے ساتھ فرائض سرانجام دیئے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور نوجوان افسران کیلئے مشعلِ راہ ہیں، محکمہ پولیس ایسے فرض شناس اور دیانتدار افسران پر فخر کرتا ہے اور ان کی خدمات کو سلام پیش کرتا ہے، ہم دعاگو ہیں کہ ﷲ تعالیٰ انہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے اور ان کا مستقبل خوشیوں اور کامیابیوں سے بھرپور ہو۔

انسپکٹر محمد خنیف جو ڈی ایس پی پروموشن کورس کیلئے روانہ ہو رہے ہیں، بھی تقریب میں شامل تھے جن کی خدمات کو تمام افسران نے زبردست الفاظ میں سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈی پی او مانسہرہ نے پولیس کی جانب سے ریٹائر ہونے والے افسران اور ڈی ایس پی پروموشن کورس کیلئے جانے والے انسپکٹر محمد حنیف کو یادگاری شیلڈز پیش کیں جبکہ دیگر افسران نے بھی اپنے طور پر تحائف اور شیلڈز پیش کر کے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔