پشاور۔ 13 جنوری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ سلیمان ظفر (پی ایس پی) نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پیر کو پولیس ہیڈکوارٹرز آمد پر چاق و چوبند دستے نے ان کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن چارسدہ سجاد خان، سرکل ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ نئے ڈی پی او نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہوں نے پولیس افسران کے ساتھ تعریفی میٹنگ بھی کی جس میں پولیس کے پیشہ ورانہ امور اور چارسدہ کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نو تعینات ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر(پی ایس پی) نے قانون کی بالادستی، عوامی خدمت اور جرائم کے خاتمے کو اپنی ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری اور لگن کے ساتھ ادا کریں۔