ڈی پی او ہری پور کا خانپور کا دورہ، محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ہدایات جاری

ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے خانپور کا دورہ کیا اور آمدہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، جلوسوں و مجالس کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔

ایبٹ آباد۔ 10 جون (اے پی پی):ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے خانپور کا دورہ کیا اور آمدہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، جلوسوں و مجالس کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔ ہری پور پولیس کے مطابق ڈی پی او نے پولیس افسران کو محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے، جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کرنے، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے گشت، ناکہ بندیوں اور سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ شرپسند عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ علماکرام، جلوسوں و مجالس کے منتظمین اور عمائدین علاقہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، باقاعدہ میٹنگز کا انعقاد کریں اور باہمی مشاورت کے ذریعے درپیش مسائل کو بروقت حل کیا جائے۔ ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مکاتب فکر کے نمائندوں کے ساتھ موثر روابط برقرار رکھے جائیں۔ دورے کے موقع پر ڈی پی او کے ہمراہ ڈی ایس پی خانپور راجہ محمد بشیر اور ایس ایچ او تھانہ خانپور صدیق شاہ بھی موجود تھے۔

مزید خبریں