دبئی۔3ستمبر (اے پی پی):دبئی کی بندرگاہ اور لاجسٹکس کمپنی ڈی پی ورلڈ نے 2025 میں دنیا بھر میں اینڈ ٹو اینڈ لاجسٹکس انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر 2.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس کے نتیجے میں تعمیراتی شعبے میں تقریباً 5,000 نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق کمپنی کے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت، برطانیہ، ایکواڈور، سینیگال اور کانگو میں بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں کی تکمیل کے لیے یہ نوکریاں تخلیق ہو رہی ہیں جو عالمی تجارت کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ ساتھ معاشی تبدیلی کی عکاسی کرتی ہیں۔
کمپنی پہلے ہی دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو براہ راست روزگار فراہم کر رہی ہے۔ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ ہماری سرمایہ کاری اس سال تقریباً 5000 نئی ملازمتوں کی صورت میں سامنے آ رہی ہے جو مختلف ممالک میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔بھارت میں تُنا ٹیکرا ٹرمینل کی تعمیر سے 2,000 ملازمتیں اور ریل و انلینڈ ٹرمینلز کے منصوبوں سے روزگار کے مزید 500 مواقع پیدا ہوںگے۔
سینیگال میں نڈایان بندرگاہ کی تعمیر کے دوران 600 افراد کو روزگار ملے گا، جبکہ کانگو کے پورٹ آف بنانا پر 500 نئی ملازمتیں تخلیق ہو رہی ہیں۔برطانیہ میں لندن گیٹ وے پورٹ کی ایک ارب ڈالر کی توسیع، جس میں دو نئے برتھ اور ایک ریل ٹرمینل شامل ہیں، سے 1,000 نئی ملازمتیں سامنے آئیں گی۔ ایکواڈور میں پوسورخا پورٹ کی توسیع سے 300 سے زائد تعمیراتی اور 100 براہ راست آپریشنل ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
بیان کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہزاروں مزید براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی اور ٹرانسپورٹ کنیکٹیویٹی کے ساتھ ساتھ خطوں کی معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔ کمپنی کا دبئی میں جبل علی فری زون اکیلا 160,000 افراد کو براہ راست روزگار فراہم کر رہا ہے۔