ڈی چوک جلسے کی تیاریوں کے سلسلہ میں پی ٹی آئی کا کراچی میں جلسے کا انعقاد

55

کراچی ۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کی جانب سے 27 مارچ کو ڈی چوک اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی قیادت میں پی ٹی آئی نے پی ایس 99 کے علاقے لاسی گوٹھ میں جلسے کا انعقاد کیا جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جلسے کے شرکاء نے وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں نعرہ بازی کی ۔ جلسے سے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دنیا بھر میں اسلام فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک لوٹنے والے سب چور ان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں لوگوں کو صحت کارڈ ملا ہے ، کراچی کے عوام کو گرین لائین کا تحفہ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے ضمیروں کو خریدنے کے لئے جو رقم استعمال کی جارہی ہے ، اس رقم سے عوام کے فلاح وبہبود کے منصوبے بنائے جاسکتے تھے لیکن ان لوگوں کو صرف اپنی کرپشن بچانی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کتے کاٹنے کی ویکیسن نہیں ہے ، صوبے میں صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ جلسہ میں پاکستان تحریک انصاف کے جانشیر جونیجو، واصف شاہ، ارسلان خالد، سید عطا محمد، سروس راجپوت، سبحان علی ساحل، ندیم چانڈیو، پاندھی خان بگٹی، اقبال شاہ، سید عطا محمد، جاوید عباسی، حیات آقا خیل، ظاہر شاہ، وقاص خان، ذاکر اللہ خان نے بھی شرکت کی۔